اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی پارلمینٹ میں اہل سنت کی نمائندہ ناہدہ الداینی نے عراق میں امریکہ کے منفی کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الانبار میں امریکہ اور غیرملکی اتحاد کے فضائی اڈے کی موجودگی کے باوجود انھوں نے داعش کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا- انھوں نے امریکیوں کے رویئے کو مشکوک قرار دیا اور کہا کہ بعید نہیں ہے کہ امریکیوں کا یہ اقدام عراق کی مرکزی حکومت کے خلاف ایک طے شدہ سازش ہو- قومی اتحاد سے تعلق رکھنے والے ایک رکن عبدالعزیز الظالمی نے بھی عراق میں امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں کی کارروائیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے- انھوں نے کہا کہ امریکیوں نے نہ صرف داعش کے خلاف کوئی عملی اقدام نہیں کیا ہے بلکہ ہمارا خیال ہے کہ ان کے بعض مشیروں کے داعش کے ساتھ رابطے ہیں- عبدالعزیز الظالمی نے کھل کر کہا کہ امریکی حکام، عراقی عوام کے قتل میں برابر کے شریک ہیں- دریں اثنا الانبار کی صوبائی کونسل کے رکن "طہ عبدالغنی" نے امریکہ کو الرمادی میں بدامنی میں اضافے اور اس علاقے میں دہشت گردوں کے داخل ہونے کا سبب قرار دیا ہے- کونسل کے رکن کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے داعش کے خلاف کارروائی میں کوئی حصہ نہیں لیا ہے اور عراقیوں کے لیے ان کا نہ ہونا، ان کے ہونے سے بہتر ہے- طہ عبدالغنی نے کہا کہ ایسے حالات میں الانبار میں عوامی رضاکار فورس داخلہ ہی کی اس صو بے کی نجات کا واحد راستہ ہو گا-
.......
/169